ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شہریت قانون کے خلاف کرناٹک کےکئی شہروں میں احتجاج؛ بیلگام میں پتھراو کی وارداتوں کے بعد حالات کچھ دیر کے لئے کشیدہ

شہریت قانون کے خلاف کرناٹک کےکئی شہروں میں احتجاج؛ بیلگام میں پتھراو کی وارداتوں کے بعد حالات کچھ دیر کے لئے کشیدہ

Wed, 18 Dec 2019 04:05:09    S.O. News Service

بیلگام 18/دسمبر (ایس او نیوز) شہر بیلگاوی کے شیواجی نگر میں جمعیت علمائے ہند کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف منعقد کیے گئے احتجاجی مظاہرے کے دوران کچھ دیر کے لئے کشیدگی پیدا ہوگئی اور اس کے بعدپولیس کی مداخلت سے حالات پر قابو پایا گیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق منگل کو   احتجاجی ریالی اشوک سرکل کے پاس شروع ہوئی اور ڈپٹی کمشنرکے دفتر کے سامنے جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ تب تک پورا معاملہ پُر امن رہا۔انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق    بعد میں کچھ احتجاجی مظاہرین اچانک تشدد  پر اتر آئے اور آر ٹی او سرکل کے قریب پتھراؤ شروع کیا۔اس سنگ باری میں چند موٹر گاڑیوں، ایک سرکاری بس اور ایک اے ٹی ایم بوتھ کو نقصان پہنچا۔اس کے بعد پولیس نے مداخلت کی اور حالات کو کنٹرول کرلیا۔ اب پولیس کی طرف سے بدامنی پیدا کرنے والوں کی شناخت اور ان کی گرفتاری کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔

 پولیس کمشنر بی ایس لوکیش کمار نے بتایا کہ بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے بارے میں پولیس کو کچھ سراغ ہاتھ لگے ہیں اور جلد ہی ان ملزموں کو گرفتار کیا جائے گا۔

پولس کے مطابق حالات پر قابو پالیا گیا ہے اور ریاستی ریزرو پولس کے زائد دستے جائے وقوع پر تعینات کیے گیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پتھراو سے ایک شخص کے چہرے پر چوٹ لگی ہے جسے اسپتال میں مرہم پٹی کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے۔

 خیال رہے کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ریاست کرناٹک کے وجیا پورا (بیجاپور)، دیوراہیپاڈگی اور بلاری وغیرہ میں منعقد کیے گئے احتجاجی مظاہرے زیادہ تر پرامن رہے۔


Share: